لاہور (آن لائن) احتساب بیورو پاکستان کی طرف سے دعویٰ کیے گئے 821 ارب روپے کی ریکوری کا حساب دینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی،عدالت عالیہ کے روبرو دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے سالانہ رپورٹ 2020ء میں کہا کہ نیب نے اب تک 789 ارب روپے ملزمان سے وصول کیے ہیں، جبکہ ایک اور بیان میں نیب کی طرف سے یہ رقم 821 ارب روپے بتائی گئی، اور وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نیب کی طرف سے آج تک صرف 6 ارب 80 کروڑ وصول ہوئے ہیں، وزارت خزانہ
کے مطابق ان کو بقیہ رقم کے بارے کوئی معلومات نہیں، قانون کے مطابق نیب ملزمان سے وصول شدہ رقم نیب قومی خزانے میں جمع کروانے کا پابند ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ اتنی بڑی رقم کا قومی خزانے میں جمع نہ ہونا کئی طرح کے سوالات و شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔ قومی خزانے میں مکمل رقم جمع نہ کرانے کا معاملہ سینیٹ کی فنانس کمیٹی میں بھی اٹھایا گیا، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب کو متعدد خطوط لکھے مگر نیب نے کوئی جواب نہ دیا۔ نیب کی پر اسرار خاموشی بھی قابل تشویش ہے اور نیب جواب نہیں دے رہا، فاضل عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نے نیب کو رقم کا مکمل حساب دینے کا حکم دے۔
