English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اوگرا کوغریب عوام کی فکر ہی نہیں‘ لاہور ہائی کورٹ برہم

القمر

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے گیس اور پیٹرولیم بحران کے خلاف درخواستوں پر وفاقی حکومت کے وکیل کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت سردیوں کی چھٹیوں کے بعد مقرر کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر عدالت نے اوگرا کی جانب سے لائسنس جاری کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا کام ہی نہیں کررہا، لائسنس پر لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔ جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا کہ تمام محکمے تگڑے ہو رہے ہیں مگر اوگرا تگڑا ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا، کسی بھی ریگولیٹر کو غریب عوام کی فکر ہی نہیں ہے۔ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی
اے نے عدالت کے روبرو کہا کہ ادارہ پیٹرولیم پر نہیں بلکہ گیس پر توجہ دیتا ہے، اوگرا کی جانب سے متعدد لائسنس جاری کیے گئے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ ظاہر کر رہی ہے، اوگرا کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ جسٹس جواد نے کہا کہ موجودہ عدالتی فیصلے میں اوگرا اور وفاقی حکومت کا موقف ہی نہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اوگرا کہاں سے آیا، کس نے تگڑا کیا اور تگڑا کیوں نہیں ہوا؟۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے بتایا کہ مارکیٹ میں غیر قانونی لائسنس کی بھرمار کی گئی، عدالتی فیصلے میں تمام جوائنٹ وینچرز غیر قانونی قرار دیے گئے ہیں۔ گزشتہ25 دنوں میں3 بلین کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا، عدالت نے استفسار کیا کہ ریفائین آئل کی گنجائش کتنی ہے اور اس میں فرق کیا ہے، جس کے جواب میں اوگرا کے وکیل نے کہا کہ ریفائنریز پرانی ہیں، جس وجہ سے پیٹرول کم ریفائین کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے