ادارہ ترقیات کراچی کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ST-22 بلاک 15 اور ST-12 بلاک 13 گلستان جوہر میں قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ بلاتفریق کارروائی کی جارہی ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی کے ڈی اے نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی واگزار کرانے کے لئے آپریشن کیا جائے اور کسی بھی قسم کے دبائو کو خاطر میں لائے بغیر آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے جبکہ واگزار اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے کے لئے نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے۔ ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ورئیل اندھر کی سربراہی میں ST-22 بلاک 15 اور ST-12 بلاک 13 میں کھیل کا میدان، تفریحی پارکس کو واگزار کرایا گیا جبکہ کچے مکانات سمیت ، درجنوں جھونپڑیاں، متعدد دکانیں اور غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے اور مقامی پولیس کے تعاون سے مسمار کردیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف علی میمن کی زیر نگرانی شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن جاری ہے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی مانیٹرنگ مسلسل ڈی جی کے ڈی اے کی نگرانی میں کی جارہی ہے۔ آپریشن کے دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ورئیل اندھر کے ہمراہ، ڈائریکٹر پارکس محمد جمیل، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس محمد عارف، ایگزیکٹو انجینئر گلستان جوہر اسکیم36 اورنگزیب ، S.H.O کے ڈی اے پولیس محمد معین، مقامی پولیس و رینجرز کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔

