کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کے میچ میں بیٹنگ کے دوران اوپنرعابد علی کی طبیعت ناساز ہوگئی،کرکٹر عابد علی کو دوران میچ سینے میں تکلیف ہوئی جسکے بعد انہیں فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔کراچی میں جاری قائداعظم ٹرافی میں خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جا رہا تھا۔سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے والے عابد علی میچ میں 61رنز پر کھیل رہے تھے کہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر پویلین واپس آگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کے دوران عابد علی کو سینے میں تکلیف محسوس ہوئی ہے ۔دوسری جانب سینٹرل پنجاب کے ٹیم مینجر اشرف علی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عابد علی کو چیک اپ کے لیے اسپتال لے جایاگیاہے، بیٹنگ کے دوران انہیں سینے میں تکلیف ہوئی یا کوئی اور وجہ ہے، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا، چیک اپ کے بعد ہی اصل صورتحال معلوم ہوسکے گی۔

