English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کے پی بلدیاتی الیکشن میں غلطیوں کی قیمت ادا کی ،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں غلطیوں کی قیمت ادا کی۔ ان کے بقول بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلط امیدواروں کا چناؤ شکست کی وجہ بنی۔ٹویٹر پراپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آئندہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے اورپاکستان بھرمیں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی حکمت عملی کومیں خود دیکھوں گا،پی ٹی آئی مضبوط ہوکرآئے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کامیاب کانفرنس پر مبارکباد پیش کرتاہوں، مختصر وقت میں وزرائے خارجہ کواکٹھا کرنا بڑی بات ہے، ملک کاتشخص بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، اوآئی سی کانفرنس کرانے کاہمارامقصدپوراہوا۔عمران خان نے کہا کہ ایک وقت تھا پاکستان کاوزیراعظم امریکا جاتاتو امریکی صدر استقبال کرتا، ہم نے پاکستان کا بہترین تشخص دیکھا، انسانی زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے، ماضی میں حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں ڈالرز تھے۔وزیراعظم کے بقول ہماری اپنی غلطیوں کی وجہ سے ملک نیچے جاتارہا، ہم نے خود کو استعمال ہونے دیا، امداد کے لیے ملکی ساکھ کو قربان کردیا، صرف پیسے کے لیے عوامی مفاد کے خلاف پالیسی بنائی، دوسرے ملکوں کی ناراضی سے بچنے کے لیے ہم اپنے لوگوں کوقربان کردیتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہملک میں ماضی میں غلط فیصلے کیے جس کانقصان ہوا، ہمیں کسی کوقصوروار ٹھہرانے کے بجائے درست فیصلے کرنے چاہییں، ملک میں قانون اورمیرٹ لاناہے سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھاکہ دنیا افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کررہی ہے، افغانوں کی جلد از جلد امداد کی جائے، اوآئی سی کانفرنس کامقصد دنیا کوبتاناتھا کہ ہم تنہا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔عمران خان نے مزید کہا کہ ملک کو کرنٹ اکاؤنٹ کا بحران درپیش ہے، جیسے ہی ترقی کرتے ہیں تو ڈالرز کی کمی ہوجاتی ہے جس سے روپے پر دباؤ پڑتا ہے، جیسے ہی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بحران سے نکلیں گے ملک تیزی سے ترقی کرے گا، ایک مرتبہ تو ہم اس بحران سے نکل گئے تھے لیکن دنیا میں اجناس کی قیمتیں مہنگی ہونے سے دوبارہ مشکلات کا شکار ہوگئے۔ دوسری جانب وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں2025ء تک اسٹریٹجک تجارتی پالیسی فریم ورک کی منظوری دے دی گئی۔جس کا مقصد پاکستانی اداروں کی صلاحیت کو بڑھانا اور ملکی مصنوعات اور خدمات کی پیداوار، تقسیم اور فروخت کو حریفوں کے مقابلے زیادہ مؤثر طریقے سے پروان چڑھانا ہے۔مزید برآں وفاقی کابینہ نے آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔کابینہ نے الیکشن ایکٹ2017ء کے سیکشن122 میں ترامیم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ، وزارت خزانہ کی سفارش پر بیرونی تجارتی قرضوں کی ایکس پوسٹ فیکٹومنظوری بھی دی گئی۔ سندھ میں اشیاء ضروریہ بشمول آٹا، چینی، دودھ، گھی اور دالوں کی زیادہ قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔کابینہ کا کہنا تھا کہ ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ اور عارضی ملازمین کا مستقل ہونے کے لیے کوئی قانونی حق نہیں ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے