English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

”جنید صفدرکے ابا کچھ کرتے ہیں نہ اماں کی پراپرٹی، پھر شادی پہ شاہانہ خرچے کیسے؟”

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر سے صحافیوں نے انکے بیٹے جنید صفدر اور انکی شادی کی تقریب سے متعلق چبھتے سوالات کیے جن میں سے بعض جوابات تفریحی انداز میں دیے گئے جبکہ ایک سوال کے جواب میں کیپٹن صفدر آئیں بائیں شائیں کرگئے ۔

کیپٹن (ر)صفدر کے بیٹے جنید کی گزشتہ دنوں شادی تقریبات کا خوب چرچا رہا اور بے تحاشا خرچ ،میک اپ ڈریسنگ ،موسیقی پر میڈیا میں بھی خوب تبصرے اور تنقید کی گئی. اسی حوالے سے لاہور کے صحافیوں کے ساتھ کیپٹن (ر) صفدر کی گفتگو کے دوران اس وقت صورت حال دلچسپ رنگ اختیار کرگئی جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ جنید کے ابا کچھ نہیں کرتے، والدہ کی کوئی پراپرٹی نہیں تو شادی پر یہ شاہانہ اخراجات کیسے ہوئے؟

کیپٹن صفدر نے جواب دیا کہ میں ہزار دفعہ کہہ چکا ہوں کہ ہم صوفیا کی اولاد ہیں، پیر و فقیروں کی اولاد ہیں، ہمارے گھر روز ایسا لنگر ہوتا ہے۔

مبصرین کے خیال میں انکا یہ کہنا دراصل حقائق سے جان چھڑانے کی کوشش ہے کیونکہ پیروں فقیروں کے ہاں قناعت اور درویشی اور خلق خدا کو بانٹنے کا رواج تو ہے لیکن دکھاوے ،تزئین و آرائش اور فضول خرچی صوفیا کا طریقہ نہیں .لہذا بعض افراد کے خیال میں کیپٹن صفدر کو اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے ٹھوس جواب دینا چاہیے تھا ناکہ صوفیا و پیر فقیر کو اپنے معاملے میں بے جا گھسیٹا جائے.

محفل میں اور بھی کئی سوالات پوچھے گئے جس میں سے ایک سوال کے جواب میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ جنید کی شادی میں گانا گاتا تو ہوسکتا ہے سارا مزہ خراب ہوجاتا، 30 سال سے اپنی شادی کے گیت گا رہا ہوں، اگلے تین سال بیٹے کی شادی کے گیت سناؤں گا۔

انہوں نے جنید کے سیاست میں آنے کے بارے میں کہا کہ جس طرح وکیل کا بیٹا وکیل، ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر ہوتا ہے ویسے ہی  وہ سیاست دان کا بیٹا ہے اور سیاست میں ضرور آئے گا۔

کیپٹن صفدر نے عائشہ سیف کو تحفہ دیے جانے والے سوال پر کہا کہ میں نے بہو کو تندرستی اور صحت کی دعائیں دی ہیں اور کہا جیسے اللہ نے میرے بیٹے کو ایک اچھی بیوی دی ہے ویسے ہی سب کو دے اور اللہ سب کی بیٹیوں کےلیے بھی اچھے داماد دے جس طرح اللہ نے میری شکل میں نواز شریف کو دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے