اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج الیکشن کمیشن میں سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت ہوئی جس میں تما درخواست گزاروں نے اپنے فلائل مکمل کرلیے۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے حتمی دلائل میں ان کی پیدائش اور نادرا کا سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ فیصل واوڈا امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پیدا ہوئے اور وہ امریکی شہری ہیں تاہم کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے قبل انہوں نے غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ کروا دیا تھا۔ فیصل واوڈا نے کوئی غلط بیانی نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادرا نے 29 مئی 2018 کو فیصل واوڈا کا نائیکوپ منسوخ کرکے شناختی کارڈ جاری کیا، وہ اب ایم این اے نہیں رہے تو اس درخواست پر نااہلی کیسے ہوسکتی؟ درخواست گزار قادر مندوخیل نے جواب الجواب جمع کرایا کہ فیصل واوڈا نے شہریت چھوڑنے کی تاریخ نہیں بتائی اور شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ بھی پیش نہیں کیا۔
الیکشن کمیشن نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

