کراچی(اسٹاف رپورٹر)سب متفق ہیں حکومت نہیں چل سکتی‘ اگلا سال انتخابات کا ہے‘ فضل الرحمن۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اورجے یوآئی کے قائد مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ 23 مارچ حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا اور کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت نہیں کی۔مولانا فضل الرحمٰن نے پی ڈی ایم کے رہنما اورجمعیت علمائے پاکستان (جے یوپی) کے سربراہ اویس نورانی کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم سندھ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم 23 مارچ کو اسلام آباد کا رخ کرے گی، مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ ناگزیرہے اور ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مارچ سے سرکاری تقریب میں خلل نہیں ہوگا اور مارچ میں سندھ سے شرکت کے لیے راشد محمود سومرو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت نہیں کی، بیوروکریسی ان کی تھی لیکن قوتوں نے ہاتھ ہٹایا تو بلدیاتی انتخابات میں انجام سب نے دیکھ لیا۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات نے ثابت کردیا کہ پچھلے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی ،جے یو آئی پہلے بھی خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی اب بھی ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے آصف علی زرداری کے بیان کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ فارمولا بنانے کی پیش کش کرنے والے واضح ہونے چاہییں، فارمولا بنانے کی پیش کش کس نے کی واضح کیا جائے، جہاں ابہام ہو اس پر گفتگو نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ کو مارچ کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں، کارکنوں کی سطح پر تیاریاں اور رابطے کیے جارہے ہیں، مہنگائی مارچ میں ملک کے کونے کونے سے لوگ شرکت کریں گے۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جدوجہد کے مقاصد حاصل ہو رہے ہیں، انتظار کرنا چاہیے، تمام طبقات متفق ہیں کہ حکومت نہیں چل سکتی آئندہ سال انتخابات کا سال ہوگا۔قبل ازیں پی ڈی ایم سندھ کا اجلاس جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا راشد سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں 23 مارچ کو منعقد ہونے والے مہنگائی مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اجلاس میں مولانا فضل الرحمن نے خصوصی شرکت کی۔

