English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چیلنجز پر قابو پانے کیلیے اتحاد تنظیم کے اصولوں کو اپنا نا ہوگا ، صدر مملکت

اسلام آ باد :صدر مملکت ڈ اکٹر عارف علوی قائد اعظم کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر کیک کاٹ ر ہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں، بچے ہمارے مستقبل کی قیادت ہیں انہیں ہمیشہ سچ بولنے، امانت میں خیانت نہ کرنے، والدین اور اساتذہ کی عزت کرنے، دوسرے مذاہب کے لوگوں کے ساتھ اچھا برتائو کرنے اور خصوصی بچوں سے محبت کی نصیحت کرتے ہیں، پاکستان کے خاندانی نظام کی مضبوطی ہمارے ملک کا خوبصورت ستون ہے، ہمیں اسے مزید مضبوط بنانا ہے۔ ہفتے کو قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کی مناسبت سے ایوان صدر میں ’’قائد اور بچے ‘‘کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں نے خوبصورت ملی نغمے پیش کیے جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر کی ثقافت کی عکاسی کی گئی تھی جبکہ ہونہار بچوں نے یوم قائد کی مناسبت سے ان کے تاریخی کارناموں کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی موجود تھیں جبکہ صدر مملکت اور خاتون اول نے بچوں کے ساتھ مل کر قائداعظم کی
سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے یوم قائد پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال 25 دسمبر کو ایوان صدر میں اس تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے ، بچوں کی معصومانہ گفتگو سے ہمیں یہ تصور ملا کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے، لوگ اس کے لیے سیکڑوں سال جدوجہد اور مصائب سہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آزادی سب سے قیمتی چیز ہے، یہ بچے ہمارے مستقبل کی قیادت ہیں، ان کی عمر کھیلنے کودنے کی ہے، قائداعظم ایک اچھے کھلاڑی تھے لیکن ان کی والدہ انہیں یہ نصیحت کرتی تھیں کہ اگر پڑھو لکھو گے تو بڑے آدمی بنو گے، قائداعظم کو بچوں سے بے انتہا محبت تھی، بچے انہیں خطوط لکھا کرتے تھے جن کا جواب وہ اپنے دستخطوں سے دیا کرتے تھے جبکہ آزادی کی تحریک میں بچے انہیں چندہ بھی دیا کرتے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ محنت سے منزل نظم و ضبط حاصل ہوتا ہے، اتحاد سے ہم بڑی طاقت بن سکتے ہیں، ہمیشہ سچ بولنا ملک کی ضرورت ہے، ایک دوسرے کے ساتھ سچ بولنا ہے یہی نصیحت ہمارے پیغمبرؐ کی تھی جبکہ قائداعظم نے بھی سچ بولنے اور محنت کی ضرورت پر زور دیا، پاکستان میں ایک اگر یہ2 چیزیں آ جائیں تو پاکستان مضبوط تر ملک بنے گا۔ انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام اس دعا کے ساتھ کیا کہ جب تک ہے یہ دنیا باقی ہم دیکھیں آباد تجھے، سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے۔صدر مملکت

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے