English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نواز شریف واپس آئیں اور اپنا وقت جیل میں گزاریں، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے نو منتخب صدر قاسم خان سوری کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں نواز شریف واپس آئیں اور اپنا وقت جیل میں گزاریں۔

کوئٹہ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے نو منتخب صدر قاسم خان سوری نے صوبے میں پارٹی کی نئی تنظیم سازی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم سازی کی طرف جائیں گے، کوشش ہوگی کہ پورے بلوچستان میں تنظیم سازی کے لیے جاؤں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک ہی ہے، پی ٹی آئی میں سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور میں مرکز میں بلوچستان کی آواز بنوں گا۔

قاسم سوری کا کہنا تھا اس ملک میں بہت سے چیلنجز ہیں لیکن وزیراعظم نے جس طرح کووڈ سے نمٹا اسے پوری دنیا میں سراہا گیا، دنیا میں اسلاموفوبیا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، آج ایک عالمی طاقت نے بھی اس پر آواز اٹھائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ این ایچ اے کے کام بلوچستان میں جاری ہیں، بلوچستان میں بہت سے ترقیاتی کام ہو رہےہیں، بلوچستان میں جو علاقے پیچھے رہ گئے تھےان کی ترقی کے لیے کام کریں گے، بلوچستان میں سب سے بڑا 75 ارب روپے کا پیکیج دیاگیا۔

قائد مسلم لیگ ن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر قاسم سوری کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں نواز شریف واپس آئیں اور اپنا وقت جیل میں گزاریں، وزیراعظم نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جبکہ آج نواز شریف نشان عبرت بنے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے