اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمن ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بھارت کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں کو منفی درجہ حرارت میں گھروں سے نکال کر ان کے مال و اسباب کو لوٹ رہا ہے، شدید سرد موسم میں بزرگ خواتین اور بچوں کی تذلیل کی جاتی ہے، بھارت نے کشمیرکو مقتل میں تبدیل کر دیا،ریاست پاکستان خاموشی کا روزہ توڑے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیرکو شہ رگ قرار دیا اور افواج کو حکم دیا تھا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی عملی مدد کریں،پاکستان کے سپہ سالار کو قائد اعظم محمد علی جناح کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کی عملی مدد کرنی چاہیے پلوامہ اور شوپیاں میں بھارت نے 4کشمیر ی شہید کر دیے، اب موقع ہے کہ بھارت کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے،احتجاج،تقاریر اور قرار داد سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو گا اس کے لیے بھارت کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف کشمیری پاکستان کی محبت میں اپنی جانیں قربان کررہے ہیں ریاست پاکستان اور مقتدر حلقوں کو کشمیریوں کو بچانے کے لیے عملاً کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
