دبئی (صباح نیوز) اسرائیلی فوج کی شام میں اردن کے ساتھ سرحدی علاقوں میں لبنان کی حزب اللہ کے کئی ٹھکانوں پر گولہ باری، گولا بارود کے گودام اور کئی دوسرے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک عربی ٹی وی کے مطابق ایک اسرائیلی ویب سائٹ نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حزب اللہ نے گولان کی پہاڑیوں سے اسرائیل پر حملے کی تیاری کر رکھی تھی، اس کارروائی میں انہوں نے ایران سے بری اور بحری راستوں کے ذریعے شام میں گولان کی پہاڑیوں تک پہنچائے جانے والے اسلحے کو استعمال کرنا تھا۔ صہیونی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ حزب اللہ نے شام میں اپنے اہداف پر حملوں سے متعلق کسی قسم کا ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ علاوہ ازیں غیر ملکی رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے بعض علاقوں میں اسرائیلی ائر فورس کے حملوں میں تباہ ہونے والے اسلحے کے ڈپو دوبارہ قائم کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس کے ساتھ ایرانی ویب سائٹ ایران انٹرنیشنل نے اسرائیلی ذرائع کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایران ان علاقوں کو مستقبل قریب میں اپنے ڈرونز حملوں کا اہم مرکز بنانا چاہتا ہے۔
