کراچی: ملک کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ برقرار ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 روز بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔ بارش کے باعث اسموگ میں کمی اور ایئر کوالٹی انڈیکس 176 ریکارڈ کیا گیا۔
گوادر میں 6 گھنٹے سے بارش جاری ہے۔ گوادر کی سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 20 ملی میٹر ریکارڈ جبکہ دیر 19، مالم جبہ 18 اور پشاور میں 11 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ مالم جبہ میں 9 انچ تک برفباری ہوئی۔
خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بوندا باندی ہو رہی ہے جبکہ گلیات، ایوبیہ، نتھیاگلی، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی میں برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

