سری نگر(اے پی پی)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یو م حق خود ارادیت منائیں گے، بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جدوجہدآزادی کشمیر کو ہرصورت میں جاری رکھا جائے گا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے5جنوری 1949ء کو ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کافیصلہ خود کرنے کا موقع دینے کے حق کو تسلیم کیاگیا تھا۔ یہ دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو اس بات کی یاد دہانی کرانا ہے کہ7 دہائیوں سے زائدعرصہ گزرجانے کے باوجود غیر قانونی زیرتسلط جموںوکشمیر کے بارے میں اقوا م متحدہ کی قراردادوںپر عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔اس موقع پر دنیا بھر میں ریلیوں ، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ اقوام متحدہ کو یاد دلایا جاسکے کہ وہ تنازع کشمیرکے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے اور کشمیریوں کو بھارتی جبر وا ستبداد سے نجات دلائے ۔ حل طلب تنازع کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے جو پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین ریاستی دہشت گردی اور مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ 23 اور25دسمبر کو کشمیر پر اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے اصول اس کمیشن کی طرف سے 13اگست 1948ء کو منظور کی گئی کے علاوہ ہیں۔ ارجنٹائن، بیلجیئم، کولمبیا، چیکوسلواکیہ اور امریکا اس کمیشن کے رکن تھے۔ اس قراردادکو متفقہ طورپر اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاک بھارت نے 5جنوری 1949ء کو منظور کیا تھا۔ مودی حکومت نے 05اگست 2019ء سے غیرقانونی زیرتسلط علاقے کا فوجی محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے۔
