English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک بھر میں بارش و برفباری ،3 جاں بحق،وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو شدید بارش سے متاثرہ علاقوںکا دورہ کررہے ہیں

اسلام آباد/ کراچی / کوئٹہ /لسبیلہ(خبر ایجنسیاں / اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھرمیں بارش و برفباری کے باعث 3 افرادجاںبحق ہوگئے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارش اور برفباری کا دوسرا اسپیل گزشتہ روز بھی جاری رہا‘ خضدار 46، سبی 29، لسبیلہ 19، قلات 16 اور کوئٹہ میں13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لسبیلہ کے قریب گھر کی چھتگرنے سے3 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی بھی ہوئے‘ یہ واقعہ اوتھل کے علاقے دیرجا گوٹھ شفیع محمد شاہوک میں پیش آیا ۔ دوسری جانب قلات ، مستونگ، لک پاس کوئٹہ، پشین، زیارت، کان مہتزئی، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور ان سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید برف پڑنے سے قومی شاہرات بند ہونے کے باعث مسافر پھنس کر رہ گئے۔ پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ ،پاک فوج اور ایف سی کی مدد سے بحالی کے کام میں مصروف ہے جن کے ذریعے متاثرہ علاقوں میںغذائی اشیا، ادویات اور خیمے فراہم کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان کے جنوب اور وسط سے نکل چکا ہے‘ شمال مشرقی بلوچستان میں آج شام تک شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ پاک فضائیہ کا C-130 طیارہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے کر پسنی ائر پورٹ پہنچ گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق امدادی سامان میں اشیائے خوردونوش، ٹینٹ اور ادویات شامل ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کے بعد پارلیمنٹ لاجز کی چھت ٹپکنے لگی۔ لاہور میں کئی گھنٹے کی بارش کے بعد سڑکوں اور گلی محلوں میں پانی جمع ہوگیا ‘کہیں لوگ گھروں تک محصور ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے کراچی میں سردی کی نئی لہر چلنے کا امکان ہے جو 15 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم شہر سے شمال مشرق کی جانب منتقل ہوگیا، شہر میں آج سے سائبرین ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، سردی کی نئی لہر 15 جنوری تک برقراررہ سکتی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے حالیہ بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو گوادر اور تربت میں متاثرین کو فوری امداد پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آج بھی بارش/ برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے علاقوں سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، ودیگرعلاقوںمیں تیزہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا تاہم سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور موہنجو داڑومیں دھندپڑنے کا امکان ہے۔پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، پشاور، شانگلہ، کرک، ملاکنڈ ودیگر علاقوںمیں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش / ژالہ باری کا امکان ہے۔ مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے جس کے بعد اسلام آباد سے مری جانے والے راستے بند کردیے گئے۔ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے مطابق مری میں اب تک 27 ہزار سے زاید گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں اور مزید گاڑیاں داخلے کی منتظر ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان میں حالیہ بارش سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا۔ جس میں 5000 خیمے، 10000 کمبل، 3000 سوئٹر، 4740 چولھے اور 4700 فرسٹ ایڈ کٹس شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے