کراچی: شہر قائد میں کورونا کا پھیلاؤ تیز، کرونا کیسز مثبت آنے کی شرح 18 فیصد سے بھی بڑھ گئی، ایک دن میں 800 سے زائد کیسز سامنے آگئے۔
محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کرونا کے 4 ہزار 469 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 805 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا کیسز کی شرح 15.52 فیصد تھی۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کی سب سے بلند شرح والے شہروں میں بھی کراچی سرفہرست ہے۔
کراچی کے بعد میرپورآزاد کشمیر میں شرح 4.92، پشاور 4.19، لاہور، 3.88، گلگت 3.70، حیدرآباد 2.83 اور اسلام آباد میں 2.78 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں ایک کروڑ 13 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگائی جاچکی ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ کوویڈ کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جس کیلئے ضروری ہے کہ پہلی اور دوسری ڈوز کے حامل افراد بوسٹر ڈوز لگوائیں۔
محکمہ صحت کا مزید کہنا تھا کہ ایسے افراد جنھوں نے ایک بھی ڈوز نہیں لگائی ہے وہ فوری طور پر ویکسی نیشن کیلئے رجوع کریں۔

