English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی چڑیا گھرمیں تین روزہ میری گولڈ فیسٹیول کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ عسکری پارک کا قبضہ لینے کے لئے وہاں کی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے جلد ہی عسکری پارک کا قبضہ کے ایم سی کو مل جائے گا، ​شہر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اب اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کام ہو رہا ہے۔

طویل مدتی کام آنے والا منتخب میئر کرے گا میں مختصر مدت کے لئے ایڈمنسٹریٹر بنایا گیا ہوں اس لئے مختصر المیعاد اور فوری نوعیت کے کام انجام دے رہا ہوں۔

شہر کا ماسٹر پلان اور پالیسی آنے والا منتخب میئر اور کونسل تیار کرے گی، کراچی چڑیا گھر کے تاریخی مغل گارڈن میں مختلف ادارے اور کارپوریٹ کمپنیاں آکر اپنے پروگرامز منعقد کریں تاکہ تاریخی مغل گارڈن کی سہولت سے وہ مستفید ہوسکیں، چڑیا گھر کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو۔​ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام کراچی چڑیا گھر میں تین روزہ میری گولڈ فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما تیمور میر، آفتاب جاکھرانی، معظم قریشی، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، سینئر ڈائریکٹر ریکریشن منصور قاضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

​ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہماضی میں یہ شہر پھولوں کا شہر نہیں تھا لیکن اب ہم اسے پھولوں سے آراستہ کر رہے ہیں، آج تاریخی مغل گارڈن میں پھولوں کی نمائش سے ہزاروں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

​کراچی چڑیا گھر کے مغل گارڈن کے دروازے آج سے عوام کے لئے کھلے رہیں گے، پورے شہر کو پھولوں سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں،میری گولڈ موسم سرما کا پھول ہے اور شہری اسے بے انتہا پسند کرتے ہیں۔کراچی چڑیا گھر میں اس فیسٹیول کا مقصد قریب کے علاقوں کے لئے پھولوں کی نمائش کی سہولت مہیا کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ شہر میں تعمیر و ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

کراچی ضلع وسطی اور غربی کی مختلف سڑکیں تعمیر کرنے جا رہے ہیں، شاہراہ نور جناح، اور فیڈرل بی ایریا کی سڑک بھی اس کا حصہ ہے، اقبال پارک فیڈرل بی ایریا کو جہانگیر پارک صدر کی طرز پر تعمیر کر رہے ہیں۔

مچھلی چوک سے کینوپ تک 80 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر کی جا رہی ہے، باغ ابن قاسم میں فش ایکوریم کو ازسرنو تعمیر کر رہے ہیں، مائی کولاچی روڈ کی اسٹریٹ لائٹس شون سرکل سے مائی کولاچی تک نئے سرے سے تنصیب کی جارہی ہے۔

کراچی کے تمام برجز کے ایکسپینشن جوائنٹس تبدیل اور مرمت کئے جا رہے ہیں، لیاری کا ککری گراؤنڈ ہو، کھارادر کے پرانے علاقے ہوں، ملیر کی شیرپاؤ کالونی ہو، کورنگی 14000 سڑک ہو یا دیگر منصوبے ان کی ازسرنو تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے۔​گزشتہ پانچ برس میں جو سڑکیں بنائی گئیں ان کے نکاسی آب کے نظام کو دوبارہ سے نصب کیا گیا جس کی وجہ سے اب ان سڑکوں پر کوئی پریشانی ہے لیکن جہاں سڑکیں نکاسی آب کے نظام کے بغیر تعمیر ہوگئیں وہاں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گٹرباغیچہ ایک ہزار 16 ایکڑ رقبے پر محیط ہے لیکن پارک کے لئے 162 ایکڑ زمین مختص ہے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ آف پاکستان نے کے ایم سی آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کو منسوخ کردیا ہے اس طرح ہمارے پاس ایک وسیع رقبہ موجود ہے جہاں ہم شجر کاری کریں گے اور اسے خوبصورت پارک میں تبدیل کریں گے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کے ایم سی کے اسپتال پیپلزپارٹی نہیں سندھ حکومت کے حوالے کئے گئے ہیں، عباسی شہید اسپتال ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیر کیا تھا ہم اسے بہتر کرنے جا رہے ہیں ۔اسپتال کو غلط طریقے سے چلایا گیا جس کے باعث آج وہ تباہ حال ہے،

ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہا کہ یہ پاکستان کا سستا ترین چڑیا گھر ہے، جہاں بچوں کےا لئے پندرہ روپے اور بڑوں کے لئے تیس روپے داخلہ فیس لی جاتی ہے،مقصد شہریوں کو ریلیف دینا ہے۔

​ایک ماہ میں چڑیا گھر سے ایک کروڑ روپے جمع کئے گئے ہیں، جو چڑیا گھر کی دیکھ بھال اور تعمیر و ترقی پر ہی خرچ کئے جائیں گے، چڑیا گھر کے سینئر ڈائریکٹر منصور قاضی اور ان کی ٹیم انتہائی ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنی فیملی کے ممبران کے ساتھ میری گولڈ فیسٹیول میں شرکت کریں اور اس سے لطف اندوز ہوں،کراچی چڑیا گھر شہریوں کے لئے ایک بہترین تفریح گاہ ہے، کراچی چڑیا گھر میں مزید جانوروں کا اضافہ کیا جائے گا اور اسے مزید بہتر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں فریئر ہال میں ہونے والے میری گولڈ فیسٹیول کو لاکھوں شہریوں نے پسند کیا اور اس میں شرکت کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے شہری اس قسم کی صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ایسے فیسٹیول تواتر کے ساتھ منعقد ہوں جن میں وہ اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کرکے موسم سرما کے اس انفرادی ایونٹ سے محظوظ ہوسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے