
اسلام آباد (اے پی پی) کمانڈر رائل اومانی بحریہ رئر ایڈمرل سیف بن نصیر بن محسن الراہبی کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کمانڈر رائل اومانی بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ کمانڈر رائل اومانی بحریہ کو پاک بحریہ کی ذمے داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے خطے میں بحری سیکورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر رائل اومانی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
