اسلام آباد(اے پی پی+آن لائن)قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کے لیے سبسڈی کی رقم صارفین کو منتقل کردی گئی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل کے سوال کے جواب میں وزارت توانائی کی جانب سے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کے لیے اعلان کردہ سبسڈی فراہم کردی گئی ہے۔ 2019-20 ء میں کے الیکٹرک صارفین کو سبسڈی کی مد میں 25ارب ، 2021ء میں 10ارب اور جاری مالی سال میں 56 ارب روپے سبسڈی صارفین کو منتقل کردی گئی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ دیگر ڈیسکوز کے مطابق کے الیکٹرک صارفین سمیت ملک بھر میں بجلی کے یکساں نرخ مقرر ہیں۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر کورم پورا نہ ہونے پر بغیر کسی کارروائی کے آج بروز منگل شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔
