دبئی(جسارت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کردی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے معین علی آل رائونڈرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ افغانستان کے محمد نبی اور بنگلا دیش کے شکیب الحسن بدستور بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔آسٹریلیا کے گلین میکسویل اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں ابتدائی10 پوزیشنز میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے۔سری لنکا کے ونندو ہسارنگا پہلی ، جنوبی افریقا کے تبریز شمسی دوسری ، انگلینڈ کے عادل رشید تیسری ، آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا چوتھی اور افغانستان کے راشد خان پانچویں پوزیشن پر ہیں۔آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ، افغانستان کے مجیب الرحمان، جنوبی افریقا کے اینرچ نورکیا، پاکستان کے شاداب خان اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساتھی بالترتیب چھٹی سے دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔بیٹنگ کی فہرست میں صرف ایک تبدیلی واقع ہوئی ہے۔ بھارت کے لوکیش راہول ایک درجہ ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر آگئے اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان ایک درجہ تنزلی سے پانچویں پوزیشن پر چلے گئے۔

