English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اپوزیشن ڈیل پر یقین رکھتی ہے،اسٹیٹ بینک بل کی منظوری ثبوت ہے،حکومت مدت پوری کرے گی

اسلام آباد (رپورٹ:میاں منیر احمد)اپوزیشن ڈیل پر یقین رکھتی ہے‘ اسٹیٹ بینک بل کی قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری اس کا ثبوت ہے‘ حکومت مدت پوری کرے گی‘ مریم صاحبہ کی جماعت نے ہمیشہ حکومت کو مشکل وقت میں سہارا دیا‘ دوسری جانب بہتر آپشن نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والوں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے‘ جاندار عوامی تحریک کے بغیر کچھ نہیں ہوگا‘ اپوزیشن جماعتوں میں موثر حکمت عملی کا فقدان ہے ۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے ترجمان انجینئر افتخار چودھری، جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے رہنما اقبال خان، پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سیکرٹری اطلاعات جنوبی پنجاب نواب زادہ افتخار احمد خان، مسلم لیگ (ن) کے رہنما صدیق الفاروق، مسلم لیگ (ج) کے صدر اقبال ڈار، ممتاز تجزیہ کار عظیم چودھری، مسلم لیگ (ج) کے ٹریڈرز ونگ کے سربراہ بابر جمال، تجزیہ کار اعجاز احمد، نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی، ممتاز تجزیہ کار وسیم عباسی، کشمیر کے لیے ریسرچ کے ایک ادارے آئی ایس ایس آر کے ڈائریکٹر جنرل جاوید الرحمن ترابی، تجزیہ کار نذیر اولکھ اور فیڈریشن آف رئلٹرز پاکستان کے رہنما اسرار الحق مشوانی نے جسارت کے اس سوال کے جواب میں کیا کہ’’کیا آپ مریم نواز کے اس بیان سے متفق ہیں جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت چند دن کی مہمان ہے؟‘‘ افتخار چودھری نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عوام سے دوبارہ مینڈیٹ لے کر آئے گی۔ اقبال خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت شاید اتنا عرصہ بھی نہ ٹھہر پاتی لیکن مریم صاحبہ کی پارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں اسے سہارا دیا ہے جس کی تازہ ترین مثال سینیٹ میں اسٹیٹ بینک کی آئی ایم ایف کو دینے یا نام نہاد خود مختاری کے بل کی منظوری ہے اس حوالے سے ان کی پارٹی سمیت پی ڈی ایم کا شرمناک کردار ہے۔ افتخار احمد خان نے کہا کہ مریم نوازکے اس بیان پر کوئی سنجیدہ گفتگو نہیں ہوسکتی جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت چند دن کی مہمان ہے۔ صدیق الفاروق نے کہا کہ ہم اس حکومت کو عوامی مقبولیت کی حامل حکومت نہیں سمجھتے اور یہ ایک ایسی حکومت ہے جسے عوام کی حمایت اور تائید حاصل نہیںہے اس لیے یہ کسی بھی وقت ختم ہوسکتی ہے۔ اقبال ڈار نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی اپوزیشن کے بیانیے کا حصہ ہے۔ عظیم چودھری نے مریم نواز کے اس بیان سے اتفاق نہیں کیا جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت چند دن کی مہمان ہے۔ بابر جمال نے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ حکومت قائم دائم ہے اور رہے گی‘ ابھی کہیں نہیں جا رہی ‘ اگلے6 ماہ خاصے اہم ہوں گے کیونکہ اس میں عدلیہ کے مختلف فیصلے بھی سامنے آئیںگے ‘ مریم اور شہباز کے حوالے سے مجھے کچھ عجیب سے معاملات لگتے ہیں ‘ اس کے علاوہ سابق جج رانا شمیم اور بہت سے معاملات پاکستان کی سمت کا تعین کریں گے۔ اعجاز احمد نے کہا کہ میرے خیال میں یہ سوچنا درست نہیں، پچھلے3 سال میں بارہا ایسے مواقع آئے اور اپوزیشن نے وزیر عظم کو چند دن کا مہمان قرار دیا مگر ہوا اس کے برعکس، اب بھی اپوزیشن کے پاس ایسی کوئی موثر حکمت عملی دکھائی نہیں دیتی‘ ناں ہی حالات ایسے لگ رہے ہیں، آپ ماضی میں جائیں، جب بھی کوئی اہم موقع آیا، بلز کی منظوری کا مرحلہ آیا تو اپوزیشن نے جیت کے دعوے کیے مگر ہوا کیا‘ کچھ نہیںاور اسٹیٹ بینک بل پر شکست کو تو ابھی3، 4 روز ہی گزرے ہیں‘ اس کا مطلب واضح ہے کہ اپوزیشن ارکان ڈیل پر زیادہ یقین رکھتے ہیں اور یہ بات انہوں نے بارہا ثابت بھی کی ہے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ حکومت کا جانا مریم نواز شریف کا خواب ہی ہوسکتا ہے۔ وسیم عباسی نے کہا کہ ابھی ایسی چیز تو نہیں لگ رہی کہ حکومت چلی جائے۔ جاوید الرحمن ترابی نے کہا کہ ابھی ایسی کوئی بات نظر نہیں آرہی ہے یہ محض اپوزیشن کی اپنی سوچ اور خواہش ہوسکتی ہے‘ جو لائے ہیں وہ ابھی اس کے خلاف نہیں ہوئے البتہ انہوں نے صرف ایک قسم کی خاموشی اختیار کی ہے کیوں کہ ان کے لیے دوسری طرف بھی کوئی بہتر آپشن نہیں ہے۔ نذیر اولکھ نے کہا کہ میرے خیال میں حکومت کی تبدیلی نہیںہونے والی ہے۔ اسرار الحق مشوانی نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت کے خلاف جان دار تحریک کے نتیجے میں انہیں عوامی تائید مل جائے گی اس صورت میں حکومت مشکلات میں گھر جائے گی اور اس کے بعد حکومت کیسے عوام کے جذبات کے سامنے کھڑی رہ سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے