English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

24 برس بعد دورۂ پاکستان کے لیے آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

القمر

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے۔

آسٹریلیا کی ٹِیم 24 برس بعد رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان پہنچے گی جہاں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ شیڈول ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم نے 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

آسٹریلوی بورڈ نےاپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ابتدائی طور پردورۂ پاکستان کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا جارہا ہے تاہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ میں کئی نامور کھلاڑی شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ اوپننگ جوڑی کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ کینگروز کے پاس نائب کپتان اسٹیو اسمتھ ، الیکس کیری ، ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لیبوشین جیسے منجھے ہوئے بلے باز بھی ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں جوش ہیزل وڈ، مچل اسٹارک اور نیتھن لائن کسی بھی مخالف ٹیم کو مشکل میں ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اور کافی حد تک آسٹریلوی ٹیم کا انحصار ان بالرز پر ہو گا۔

آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ میں کیمرون گرین، اسکاٹ بولانڈ، ایشٹن ایگر، مچ مارش، مائیکل نیسر، مچل سوئپسن، مارکس ہیرس اور جوش انگلس شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ مارچ کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ کو کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ کو لاہور میں شیڈول ہے۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان دورے کے وسط میں کیا جائے گا۔

گرین شرٹس اور کینگروز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے تمام میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بالترتیب 29مارچ، 31 مارچ اور دو اپریل کو شیڈول ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم کے دورے کا آخری اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے