
پشاور (جسارت نیوز)خیبر پختونخواہ اسپورٹس ڈائریکٹریٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھیلوں سے وابستہ افراد کی شکایات کے ازالے کیلیے پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا اسپورٹس ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخواہ کے زیر اہتمام ہونیوالے اس کھلی کچہری میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبر پختونخواہ خالد خان سمیت آر ایس او پشاور عزیز اللہ ‘ ڈی ایس او پشاور جمشید بلوچ ‘ ڈی ایس او چارسدہ تحسین اللہ ‘ ایڈمنسٹریٹر جعفر شاہ ‘ چیف کوچ سمیت چارسدہ ‘اور پشاور سے تعلق رکھنے والے عام افراد اور کھلاڑیوں سمیت کوچز نے شرکت کی جنہوں نے اپنی شکایات براہ راست ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس سے کی۔کھلی کچہری میں بیڈمنٹن ‘ ٹیبل ٹینس ‘ اسکواش ‘ کرکٹ ‘ تائیکوانڈو سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری کا آغاز تجاویز سے ہوا اور وہ بھی ایک سرکاری اہلکار کی جانب سے ‘ جوقبل ازیں کرکٹ اکیڈمی میں مہمان بن کر آئے تھے اور کھلاڑیوں کو شاباش دیتے رہے ‘تاہم ان کی تجاویز پر ڈائریکٹر جنرل نے سوالات کرنے اور اپنے شعبے کے حولے سے سوال کرنے پر زور دیا۔امریکی شہری فلاڈلفیا میں حال میں سکواش کے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑی کے والد نے شکایت کی کہ اپنے اخراجات پر بیٹے کو امریکہ بھجوایا ‘ بیٹے نے عالمی سطح پر پاکستان اور صوبے کا نام روشن کیا تاہم ایک ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک کسی نے بھی ان کا نہیں پوچھا ‘ اگر ایسی صورتحال رہی تو پھر کیسے لوگ کھیل کی طرف آئیں گے جس پر ڈائریکٹر جنرل نے اسکواش کے کوچ کو بلایا اور ان سے بات کی انہوں نے والد کو یقین دہانی کرائی کہ اسی جگہ پر ان کے بیٹے کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائیگی اور یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اسکواش کے کھلاڑی نے عالمی سطح پرپاکستان کا نام روشن کیا۔
