لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی ہر قسم کی صورت حال میں مثبت اورپرسکون رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان کپتان ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی پر گرائونڈ میں غصہ نہیں کرتے ہیں اور ناہی گھبراتے ہیں، یہی ان کی کامیابی ہے۔ہیڈ کوچ لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل لاہور قلندرز کے لیے اب تک بہت اچھا جا رہا ہے، تمام کھلاڑی 100 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو میچز ہارے اس میں بھی سخت مقابلہ کیا وہ یک طرفہ نہیں ہارے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی توقعات سے بڑھ کر امیدوں پر پورا اترے ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں اوپنر جیسن روئے سے اتنے رنز پڑنے کے باوجود وہ گھبرائے نہیں ۔ فیلڈنگ کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کچھ کیچز بچوں والے ڈراپ کیے، حیران ہوں ایسا کیسے ہو گیا، فیلڈنگ مجموعی طور پر اچھی ہے کوئی کھلاڑی بوجھ نہیں ،سبفٹ ہیں۔
