English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سینیٹ اجلاس،بھارتی طالبہ مسکان کو خراج تحسین،انسانی اعضاو پیوندکاری کا بل منظور

القمر

اسلام آباد(آن لائن)سینیٹ میں کرناٹکا میں حجاب کے لیے جرات مندی کا مظاہرہ کرنے والی طالبہ مسکان کے حق میں تقاریر کی گئی اور خراج تحسین پیش کیا گیا۔گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس کا پہلا حصہ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جب کہ ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی بھی سینیٹ کی کاروائی میں شامل ہوئے۔میاں چنوں میں گزشتہ دنوں پیش آنے والے واقعے پر ارکان سینیٹ نے برہمی کا اظہا رکیا ہے۔سینیٹرز کا کہنا تھا کہ کیفر کردار تک پہنچائیں گے ، نشان عبرت بنائیں گے ،یہ باتیں برسوں سے سن رہے ہیں ، آج ہم بھارت کی نڈر بیٹی مسکان کی بات کرتے ہیں ، ہمارا سر ندامت سے جھک جاتا ہے کہ ہمارا حال بھی کچھ حوصلہ افزا نہیں۔سینیٹرز نے سوال اٹھایا کہ کیا ایسے واقعات پر دکھ کا اظہار کرلینا کافی ہے؟ یہ معاشرہ ذہنی مریض ہوگیا ہے ، مثبت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کے قتل پر ارکان سینیٹ نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کو انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی بھیجنے اور خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا مطالبہ کردیا۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ لوگ اپنی نجی عدالت لگا لیتے ہیں، ایسی بربریت بھارت میں ہو رہی ہوگی، پاکستان میں اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ہمیں جب فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں بٹھایا جاتا ہے تو ہمارا چہرہ ایسے واقعات کے بعد زیادہ تاب ناک نہیں رہتا۔ قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا کہ ہمارے ہمسائے میں ریاست ایسا کررہی ہے اور ہمارے ملک میں ریاست اس کے خلاف لڑ رہی ہے ، حکومت اس کے خلاف سخت سے سخت اقدامات کرے گی۔سینیٹر ساجدمیرنے کہا کہ میاں چنوں کا واقعہ خلاف اسلام ہے،میاں چنوں جیسے واقعات کا تدارک یہی ہوسکتا ہے کہ سزائیں دی جائیں ۔سینیٹر اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ میاں چنوں جیسے واقعات کی اسلام کسی صورت اجازت نہیں دیتا ، میاں چنوں جیسے کئی واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں، ایسے واقعات پر نظام عدل سے شکایت ہے ، میاں چنوں جیسے واقعات پر مل کر قومی پالیسی بنانا ہوگی۔اجلاس میںجماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ خیبر پختونخوا5 ہزار میگا واٹ پانی سے بجلی پیدا کرتا ہے اسے بہت کم بجلی ملتی ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں 3روپے سے زاید اضافہ کیا گیا ہے اور بجلی مہنگی کرنے کی وجہ ایل این جی بروقت درآمد نہ کرنا ہے۔سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ نیوزون پر پابندی کیوں لگا دی گئی، سینئر صحافی حامد میر کے پروگرام کرنے پر کیوں پابندی لگادی گئی ہے بتایا جائے حامد میر پر پابندی کس قوت نے لگائی، رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو کیوں مسلسل قید رکھا جارہا ہے ؟ ۔ن لیگی سینیٹرافنان اللہ نے کہا کہ مرادسعید اور شیخ رشید خود ذومعنی گفتگو کرتے رہتے ہیں، ایک چینل پر ذومعنی گفتگو پر چینل بند کردیا گیا ۔ علاوہ ازیں سینیٹ نے انسانی اعضا اور ٹشوز کی منتقلی کا ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کرلیا جس کے تحت نادرا شناختی کارڈ جاری کرتے وقت شہری کی مرضی سے کارڈ پر آرگن ڈونر لکھا جائے گا۔ایوان بالا کے اجلاس میں انسانی اعضا اور ٹشوز کی منتقلی کا ترمیمی بل 2021ء کی تحریک قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پیش کیا گیا جس کی کسی نے مخالفت نہیں کی۔بل منظور کرنے کی تحریک سینیٹر سیمی زیدی نے پیش کی۔وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان سمیت پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ارکان نے بل کی حمایت کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے بل کی متفقہ طور پر منظوری دی۔بل کے تحت ڈونر کی رضا مندی سے اس کا نادرا شناختی کارڈ جاری کرتے وقت کارڈپرسرخ الفاظ میں اعضاا و ر ٹشوڈونر(آرگن ڈونر) لکھا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کراچی میں بلوچستان کے شہریوں کو سندھ پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے واقعات سے متعلق چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ سندھ پولیس کراچی میں بلوچی شہریوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف گوٹھ، رئیس گوٹھ، بلدیہ، شیرشاہ اور دیگر علاقوں میں پولیس بلوچی شہریوں کو روک کر ان کو ہراساں کرتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اس معاملے پر چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے