کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کیجانب سے منعقدہ ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے اعزازمیں سالانہ پرفارمنس ایوارڈ زکی تقریب مقامی کلب میں منعقد ہوئی جس میں کومپیکس اسپورٹس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرعمر سعید، فروٹ نیشن کے ہیڈ آف کمیونیکیشن فیصل خان، سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کی چیئرپرسن تہمینہ آصف، کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن فرح سعید، سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سید وسیم ہاشمی، چیئرپرسن عالیہ احمد،جنرل سیکریٹری محمدذیشان مرچنٹ، فنانس سیکریٹری مراد حسین اور کھیلوں سے وابستہ دیگرشخصیات نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کومپیکس اسپورٹس کے سی ای او عمر سعیدکاکہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کو پروان چڑھانے اور اس کے معیار کو بلند کرنے کیلئے ہمارا ادارہ مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کو انکے بین الاقوامی اور پاکستان میں منعقد ہونے والے ایونٹس کیلیے کٹس اور کھیلوں کاسامان رعایتی قیمت پر فراہم کررہا ہے ہماراعزم ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق کھیل کا سامان فراہم کیا جائے۔

