کراچی(آئی این پی)آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں دستیاب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا ہے۔اسکواڈ میں شامل 7کھلاڑی اور دو ریزرو کھلاڑیوں نے کیمپ میں شرکت کی، کھلاڑیوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فزیکل ٹریننگ کی،ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی نگرانی میںپہلے روز کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کیساتھ ساتھ فیلڈنگ ڈرلز کیں۔عرفان اللہ کورونا وائرس مثبت آنے کی وجہ سے کیمپ میں شریک نہیں ہوئے جبکہ زاہد محمود اسلام آباد یونائیٹڈ میں شمولیت کی وجہ سے شرکت نہیں کررہے۔اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف پاکستان سپر لیگ میں مصروف ہیں، پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑی فارغ ہونے پر کیمپ جوائن کرتے جائیں گے۔ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی 23فروری کو اسلام آباد جائیں گے جبکہ 24سے 26فروری تک آئسولیشن کریں گے اور پنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز 27 فروری سے ہو گا۔آسٹریلوی ٹیم 4سے 8مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائیں گے۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
