English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بل گیٹس کا پہلا دورہ پاکستان، صدر، وزیر اعظم سے ملاقات ، ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا

القمر
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ملاقات کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں صدر عارف علوی مہمان کو ہلال پاکستان کے ایوارڈ سے نوازرہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی) مائیکرسافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا۔ایوان صدر میں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون اور انسداد پولیو مہم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میںہلال پاکستان سے نوازا ۔تقریب میں وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔قبل ازیں بل گیٹس نے وزیر اعظم کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔ بل گیٹس کا یہ دورہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر ہوا۔اسلام آباد میں بل گیٹس نے انسدادپولیو پروگرام کا دورہ کیا۔ انہیں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بریفنگ دی اور کورونا سمیت پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی براے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود رہے۔بل گیٹس نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر پاکستانی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ بھی ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی۔ ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور والدین کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔ بل گیٹس نے این سی او سی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔سربراہ این سی اوسی اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل نے بل گیٹس سے ملاقات کی، بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔وفد نے پاکستان میں کوروناویکسین لگانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور صحت کے شعبے میں حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ بل گیٹس نے ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے اپنے تاثرات بھی بیان کیے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا اجرا کر دیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسکالر شپس کا مقصد نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کی جانب لے جانا ہے، طلبہ کے مسائل کا تدارک کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپس کے پیچھے بہترین حکمت پوشیدہ ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے