نیویارک: ہزاروں لگژری کاریں لے جانے والے کارگو جہاز میں آگ لگ گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق جہاز میں آتشزدگی کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جہاز میں ہزاروں قیمتی گاڑیاں جرمنی سے امریکا لے جائی جارہی تھی۔ کارگو جہاز پر سوار عملے کے تمام 22 ارکان کو بچا لیا گیا ہے تاہم جہاز میں لگی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
جہاز پر آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کارگو جہاز میں واکس ویگن گروپ کی تقریبا 4000 کاریں موجود ہیں، جبکہ 1100 پورشے اور 200 کے قریب قیمتی بینٹلے گاڑیاں بھی موجود تھیں۔
پرتگال کی بحریہ کا کہنا ہے کہ جہاز پرلگی آگ پرقابو نہیں پایا جاسکا ہے تاہم پٹرول جہاز متاثرہ جہاز کے قریب موجود ہے اورصورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔
آگ کے باعث جہاز پرموجود گاڑیوں کوکتنا نقصان پہنچا اس بارے میں تفصیل معلوم نہیں ہوسکی۔
