لاہور (این این آئی) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور کی وفاقی وزراء چودھری مونس الٰہی ،بر یگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ اور غلام سرور خان سے ملاقاتیں ، سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔گور نر چودھری محمدسرور نے حکومت کا بھر پور ساتھ دینے کے لیے اتحادی جماعت (ق) لیگ کے وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی کے دوٹوک مؤقف کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز گور نر پنجاب چودھری محمدسرور اور حکومت کی اتحاد ی جماعت (ق) لیگ کے وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی کے در میان ملاقات میں سیاسی، حکومتی سمیت دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی جبکہ چودھری محمدسرور سے وفاقی وزراء غلام سرور خان اور بر یگیڈر (ر) اعجاز شاہ بھی ملے اور پارٹی ،حکومتی اور سیاسی امور کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے وفاقی ورزاء سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اتحادیوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے اور اتحادیوں کے ساتھ ملکر عوام سے کیے جانے والے وعدو ں کو پورا کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی سازشیں کر نیوالے سیاسی مخالفین کے منصوبہ کو ناکام بنایا جائے گا۔