کراچی: پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف کراچی مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر سیکڑوں کارکنان درجنوں گاڑیوں میں شہر اور ملک کے دیگر حصوں سے مزار قائد پہنچے۔ کارکنان نے پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے جب کہ وہ وقفے وقفے سے پارٹی کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگاتے رہے۔ مارچ کے آغاز سے قبل پیپلز پارٹی نے اپنے مطالبات بھی حکومت کے سامنے رکھ دئیے ہیں۔
اس موقع پر بلاول نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی کو بھگا کر جمہوری نظام لائیں گے، عمران خان کی حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے جس نے کرپشن ختم کرنے وعدہ کیا مگر عمران خان کے دور حکومت میں کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ نالائق نیازی نے ملک کی معیشت تباہ کردی، تین سال دیکھ چکے اب سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو گھر جانا ہے، کٹھ پتلی کے خلاف کراچی کے عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوچکےہیں۔
اس موقع پر بلاول نے گو سلیکٹڈ گو کے نعرے بھی لگوا دیئے اور مزید کہا کہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ پر عوام کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے مطابق ان کا یہ لانگ مارچ دس دنوں میں 34 شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔

