لاہور:چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہیئے۔تفصیلات کے مطابق کامران علی افضل کی زیرِ صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ہر صورت عام آدمی تک پہنچنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیا ضروریہ کے نرخوں میں کمی لائی جائے، انتظامی افسران گندم اور کھاد کی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ شجر کاری مہم میں سایہ دار اور پھل دار پودوں کی مقامی اقسام کو ترجیح دی جائے۔اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز نے چیف سیکرٹری کو تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں کہا گیا کہ ساہیوال میں 636، اوکاڑہ میں 601، پاکپتن میں 219 کھلے مین ہولز پر ڈحکن لگائے گئے، سرگودھا میں 480، خوشاب میں 345 ، میانوالی میں 84 اور بھکر میں 443 کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگائے گئے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ تمام اضلاع میں شجر کاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ زراعت، خوراک کے محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
