لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے مشیروں سے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مشوروں پر میڈیا سے تعلقات خراب نہ کریں۔
حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری پرویز الہی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ اپنے مشیران سے محتاط رہیں، کیوں کہ وزیر اعظم کے مشیر غلط بیانی سے حکومت اور میڈیا کے درمیان خلیج حائل کر رہے ہیں۔
پرویز الہی نے پانے پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ممبران کو میڈیا میں جانے سے روکنے کی اطلاعات ہیں، اپنے ممبران کو مخصوص چینلز میں نہ جانے دینے پر تشویش ہے، اس سے تحریک انصاف اپنا نقطہ نظر متوازن طریقے سے عوام کے سامنے نہیں رکھ پائے گی،وزیر اعظم اور پارٹی قیادت سے فیصلے پر نظر ثانی کی دراخوست کرتے ہیں۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے چند اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کے اشتہارات بند کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم نے مجھے میڈیا ہاؤسز اور حکومت کے درمیان پیکا آرڈیننس کے حوالے سے معاملات سلجھانے کا ٹاسک دیا ہے، لیکن حیرانگی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے چند اخبارات اور میڈیا ہاوسز کے اشتہار بند کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اشتہارات پر پابندی بظاہر پیکا آرڈیننس کے تناظر میں لگائی گئی ہے، سرکاری اشتہارات عوام کے پیسے ہیں، اسے مخصوص اخبارات اور چینل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
