اسلام آباد: ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں مجرمان کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج کردیں، اور انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملزمان کی سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ سنایا، عدالت نے انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے مجرم محسن علی، خالد شمیم اور معظم علی کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج کردی ہیں ۔
کیس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل خواجہ امتیاز نے کیس کی پیروی کی، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، اور عدالت نے 10، 10 لاکھ روپے جرمانہ مقتول کی اہلیہ کو بطور زر تلافی ادا کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سینئر رہ نما ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو لندن میں قتل کر دیا گیا تھا۔
