English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اپوزیشن جال میں پھنس گئی،تحریک عدم اعتماد حزب اختلاف کی سیاسی موت ہے،وزیراعظم

القمر
کراچی: وزیراعظم عمران خان ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد میں کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جال میں پھنس گئی، تحریک عدم اعتماد اس کی سیاسی موت ہے۔گورنر ہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں تو خود اللہ سے تحریک عدم اعتماد کی دعائیں مانگ رہا تھا کہ کسی طرح ان کی گردن میرے ہاتھ آجائے، کپتان نے اگلی تیاری بھی کررکھی ہے، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد میں ان کے پیچھے جاؤں گا۔عمران خان نے کہا کہ چوروں کی موت آئی ہے جو تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے، ڈاکوؤں کے گلدستے کو خوف آناشروع ہوگیا، انہیں نہیں پتا ہم نے کتنے بڑے بڑے چیلنجزکاسامنا کیاہے، وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکوؤں اورچوروں کے خلاف25سال سے جہادکررہاہوں، ڈاکواور چور کہتے تھے آج عدم اعتمادکریں گے،کل کریں گے، حکومت آج گئی کل گئی، میں نے ان سے آگے کاسوچ لیا، پہلے میرے ہاتھ بندھے ہوئے تھے لیکن اب زنجیر کھل گئی، اب میں ان کونہیں چھوڑوں گا۔ان کے بقول میراپہلاہدف آصف زرداری ہے ، اس کاوقت آگیاہے، وہ بڑی دیرسے میری بندوق کے نشانے پر ہے۔عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری پیسوں کاٹوکرا لے کرگھوم رہے ہیں،لوگوں کوخرید رہے ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ جو خطہ تبدیلی چاہتا ہے وہ سندھ ہے،سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے نجات چاہتے ہیں، اگلی بار اندرون سندھ کادورہ کرنے آرہاہوں، اب میرا مشن ہے کہ جو ظلم سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہو رہا ہے انہیں اس سے آزادی دلوائی جائے۔وزیراعظم کے بقول میرے ایک ایم این نے بتایا آصف زرداری نے 20 کروڑ کی پیشکش کی ہے، میں نے کہا حرام کا پیسہ ہے آپ لے لیتے، کوئی خیراتی فلاحی کام میں استعمال کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ مقصود چپڑاسی والاکون ہے؟ بوٹ پالیشیے شہباز شریف کوبھی نہیں چھوڑوں گا، فضل الرحمن کومولانانہیں کہوں گا، فضل الرحمن کے پاس اربوں کیسے آئے؟کام تو کوئی کرتے نہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری خداکے واسطے بلاول کو اردوسکھادو، بلاول کویہ بھی پتا نہیں لڑکی آتا ہے یاآتی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو کے سی آر کی مبارکباد دیتا ہوں،کسی وفاقی حکومت نے کراچی میں وہ کام نہیں کیے جو ہم کرنے جارہے ہیں۔وزیراعظم کا یہ بھی کہناتھا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈ ٹیکس کلیکشن ہماری حکومت میں ہوئی، یہی وجہ ہے کہ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی،ہمارے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت دبئی سے بھی کم ہے جہاں سے تیل ان کی زمین سے نکلتا ہے۔عمران خان نے اپنے اس بیان کا بھی دفاع کیا جس میں انہوں نے یورپین یونین کے سفیروں کی جانب سے یوکرین جنگ پر خط پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں میں نے یورپی یونین کے خلاف بیان دیا۔ میں نے صرف ان کو یاد دلایا کہ جب ہم نے آپ کا ساتھ دیا تو کیا ہوا۔ ہم نے قربانی دی۔ اب کہتے ہیں پھر ہمارے ساتھ مل جائیں، میں کہتا ہوں کہ امن میں آپ کا ساتھ دوں گا لیکن جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دوں گا۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پرکراچی پہنچے، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزرا اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور علی زیدی بھی ان کے ساتھ تھے۔وزیر اعظم سیدھا ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد گئے جہاں ایم کیو ایم کی قیادت اور پی ٹی آئی اراکین نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم اور متحدہ کی قیادت کے درمیان ملاقات ہوئی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔نجی ٹی وی جیوز نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات میں پہلا جملہ کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک جلد ناکام ہوگی اور اسلام آباد کا دھرنا بھی جلد ختم ہوگا، آپ لوگ اطمینان رکھیں۔ ملاقات میں کراچی کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی جس میں عمران خان نے کہا کہ انتظامی اصلاحات کیے بغیر کراچی کے مسائل کا حل ممکن نہیں نظر آتا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں متحدہ ارکان نے پی ٹی آئی سندھ اسمبلی کے ارکان کی شکایت کی جس پر وزیراعظم نے ان ارکان کو تنبیہ کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات میں متحدہ قیادت نے زیادہ تر عمران خان کو سنا اور ان کے سامنے زیادہ مطالبات نہیں رکھے گئے۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان جی ڈی اے ارکان سے ملاقات کے لیے گورنر ہاؤس پہنچے جہاں شہریار منور، حسنین مرزا، معظم عباسی، نصرت سحر عباسی، رفیق بانبھن اور رزاق راہموں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے