راولپنڈی ( سید وزیر علی قادری) پاکستان اور آسٹریلیا کرکٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اختتام کو پہنچا ، دوسرا کراچی اور تیسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد مہمان ٹیم کے ساتھ ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ اس ون ڈے سیریز کا ایک میچ اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ رمضان المبارک کے آغاز میں کھیلے جائیں گے جس سے مقامی شائقین کے علاؤہ گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے مداحوں کی کثیر تعداد میں آمد متوقع ہے۔ اس سلسلے میں مظفرآباد آزاد کشمیر کے رہائشی مقبول عباس اور کاروباری شخصیت تابش اور راولپنڈی کے نوجوان کرکٹ کے شیدائی سلیم احمد اور فیض آباد کے سہیل انجم کا کہنا ہے کہ ہمیں بہت اشتیاق ہے کہ ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھیں۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا سے اپیل ہے کہ وہ آسٹریلین کرکٹ حکام سے مل کر وقفوں کو کم کرکے یکم اپریل تک اس سیریز کو پایہ تکمیل تک پہنچا ئیں۔
