اسلام آباد/لاہور(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، ایسا منصوبہتیار کررکھا ہے اپوزیشن کو سمجھ ہی نہیںآئے گا ،عدم اعتماد پر تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے،پریشانی کی کوئی بات نہیں، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر بھی قابو پا لیں گے۔وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، فواد چودھری، اسد عمر، شفقت محمود ، حماد اظہر، فرخ حبیب اورقانونی ٹیم بھی شریک ہوئی۔اجلاس میں تحریک عدم اعتماد، موجودہ صورتحال اور قانونی پہلوؤں پر تجاویز دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے اجلاس میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور اتحادیوں کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنائیں گے، ان کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے جب کہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہو لینے دیں ہم سرپرائز دیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اور اب بھی کروں گا۔علاوہ ازیں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کا مشن لیے وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی محاذ پر پہلا اور اہم مرحلہ اسلام آباد ہے، حکومت سیاسی محاذ پر پر اعتماد اور مستحکم ہے، اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست ہو گی۔ملاقات میں وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مشاورت سے کام کرنے پر زور دیا اور پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے رابطے کا ٹاسک گورنر اور وزیراعلیٰ کو سونپا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکز میں عدم اعتماد سے نمٹنے کے بعد پنجاب میں فیصلے کیے جائیں گے، اہم بیٹھک میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ترین اور علیم خان گروپ سمیت ق لیگی ارکان سے روابط رکھے جائیں تاکہ بہتر فیصلہ ہوسکے۔
