راولپنڈی(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ9مارچ کو بھارتی حدود سے ایک تیز رفتار ’’شے‘‘ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جسے پاکستان ائرفورس کے ائر ڈیفنس سینٹرنے گرادیا۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 6 بج کر 33منٹ پر بھارتی حدود سے ایک’’شے‘‘نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی،اس دوران پاکستان ائرفورس نے اس کی مکمل نگرانی کی اور اسے گرادیا، یہ ایک سوپر سونک پروجیکٹ تھا جو غیر مسلح تھا۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستانی فضائی حدود میں وہ چیز 3 منٹ اور چندسیکنڈ تک رہی اور 260 کلومیٹر اندر تک سفر کیا، اس کے خلاف ضروری کارروائی بروقت کرلی گئی، پاک فضائیہ نے اس کی مکمل نگرانی کی اورپتا چلایا کہ وہ بھارتی علاقے سرسا سے آئی تھی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی چیز میاں چنوں میں کسی حساس شے پر نہیں گری اور اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا البتہ وہاں شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچا،اس کے باعث متعدد سویلین پروازوں اور زمین پر عام شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا، اس سے کوئی بڑا فضائی حادثہ ہوسکتا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے،بھارت کو اس واقعے کی وضاحت دینی ہوگی، پاکستان نے ہمیشہ ذمے دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے، ہم اس واقعے پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں کر رہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزارت خارجہ کو تمام تفصیلات دے دی گئی ہیں،وہ اس معاملے کو متعلقہ فورمز پر اٹھائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، یہ ایسا ہی ہے اور ایسا ہی رہے گا، اس پرکسی قسم کی بحث اور غیر ضروری قیاس آرائی نہ کی جائے، یہی ہم سب کے لیے اچھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج پر سیاست میں مداخلت کا الزام لگانے والوں سے ثبوت مانگے جائیں ،ماضی میں کوئی بھی اس معاملے پر ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ماضی میں بھارتی آبدوزکی نشاندہی ہوئی،میزائل فضا میں تھاجس کی نشاندہی ہوئی، پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والی کسی بھی چیز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، بھارت کو اپنی ٹیکنالوجی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایسی دہشت گرد تنظیمیں ہیں جنہیں کنٹرول کرنے میں وقت لگے گا، پاکستان میں آپریشن کے دوران پچھلے چند ہفتوں میں 80دہشت گرد ہلاک کرچکے ہیں۔اس موقع پر ائروائس مارشل طارق ضیا نے بریفنگ میں بتایا کہ وہ شے بھارت میں 104 کلومیٹر سے اندر آئی 40 ہزار کلومیٹر بلندی پر تھی۔
