کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان کرکٹ ٹیم کراچی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو فولوآن پر مجبور کئے بغیر دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالئے ، مجموعی طور پر آسٹریلیا کی برتری 489 رنز ہوگئی جبکہ میچ کے 2 دن باقی ہیں۔ پیر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز کے گذشتہ روز کے اسکور505 رنز میں مزید 51رنز کا اضافہ کرکے 9 وکٹوں کے نقصان پر556 رنز پر اپنی اننگزڈ کلیئر کردی۔ پیٹ کمنز3 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا مایوس کن آغاز کیا اور پوری ٹیم 53 اوورز کھیل کر 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ پاکستان کے بیٹرز جنہوں نے پنڈی ٹیسٹ میں رنز کے انبار لگا دیے تھے ، کراچی ٹیسٹ کی بیٹنگ وکٹ پر آسٹریلوی بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دئیے۔بابراعظم نے 158 منٹ تک جدوجہد کرتے ہوئے79 گیندوں پر سب سے زیادہ 36 رنز بنائے جس میں3 چوکے شامل تھے۔ نعمان علی 20 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ امام 20، شاہین شاہ آفریدی 19،اظہرعلی 14 اور عبداللہ شفیق 13 رنزبناکر آئوٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر مچل اسٹارک سٹارک نے 13 اوورز میں 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ ایک موقع پر انہوں نے مسلسل 2 گیندوں پر اظہر علی اور فواد عالم کی وکٹ حاصل کرکے پاکستان کی بیٹنگ کی توڑ پھوڑ کا آغاز کیا۔اظہر14اور فواد گولڈن ڈک پر آئوٹ ہوئے۔ ٹیسٹ ڈبیو کرنے والے مچل سویپسن ، جنہوں نے ابتدا میں عبداللہ شفیق کو پھرتیلے انداز میں رن آئوٹ کیا تھا، نے 32 رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں جس میں انہوں نے پاکستان کے کپتان بابراعظم کو آئوٹ کرکے اپنے کیرئیر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم کو پہلی اننگز میں 408 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔