لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹوں کی تیاری کے لئے آئی سی سی اکیڈمی کے ہیڈ کیوریٹر ٹوبی لمسڈن کی خدمات حاصل کرلیں ۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان میں پچز کی اپ گریڈیشن کے پلان کے لیے ٹوبی لمسڈن کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ٹوبی لمسڈن قذافی ا سٹیڈیم لاہور میں پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کے لیے تیار کی جانے والی پچ کا بھی جائزہ لے رہے ہیں جبکہ وہ مقامی گرائونڈ اسٹاف کے ساتھ مل کر وکٹ کی تیاری کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔اس کے علاوہ آئی سی سی اکیڈمی کے ہیڈ کیوریٹر اسکوائر اور پریکٹس پچز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، ٹوبی لمسڈن مقامی گرائونڈ اسٹاف کو مختلف نوعیت کی پچز کی تیاری کے حوالے سے ٹپس دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان گزشتہ 2 ٹیسٹ میچز میں سابق کرکٹرز کی جانب سے وکٹوں کو ڈیڈ قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔