ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

وزیر اعظم سندھ میں گورنر راج لگا دیں ، شیخ رشید ، سمری کی تیاری شروع

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم سندھ میں فوری طور پرگورنرراج لگادیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو تجویز دے کر آچکا ہوں، اب یہ وزیراعظم کا اختیار ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس بے نقاب ہوگیا ، وزیراعظم کو کہا ہے کہ سندھ کے حکمرانوں نے ارکان کی جو خرید و فروخت کی ہے، جس طرح لوگوں کے ضمیر خریدنے کے لیے سندھ کے پیسوں کا بے دریغ استعمال کیا گیا ہے اس پر میں نے مشورہ دیا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگادیں۔انہوں نے کہاکہ پیسوں کے ذریعے لوگوں کے ضمیروں کو خریدنا جمہوریت کے خلاف سازش ہے، جو رکن اسمبلی اپنی مرضی سے ووٹ دینا چاہتا ہے وہ ووٹ دے لیکن پیسے لے کر ضمیر بیچ کر ووٹ دینا مکروہ عمل ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم سندھ ہاؤس میں کارروائی کرنے نہیں جارہے،بکنے والے لوگ پیسوں کے لالچ میں گئے ہیں، یہ لوگ جانیں اور ان کے حلقوں کے عوام جانیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں لاکھوں لوگوں کا سمندر موجود ہوگا.۔شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم سندھ میں ایمرجنسی بھی نافذ کرسکتے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 25 مارچ سے ملک کے میڈیا پر شیخ رشید ہوگا اور وزیر اعظم عمران خان کی سپورٹ ہوگی،صحافیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ان بکنے والے ارکان کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا۔وفاقی وزیرداخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارلیمنٹ لارجز میں کسی کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ میں گورنر راج کی تجویز دی جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’بات تو ٹھیک ہے، اس پر سوچتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے سندھ میں گورنر راج کی مخالفت کی۔علاوہ ازیں سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں سمری کی تیاری شروع کردی گئی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں آج اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس کی صدارت وزیر داخلہ شیخ رشید کریں گے۔وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید آج اہم ملاقات کریں گے جس کے بعد شیخ رشید کی صدارت میں وزارت داخلہ میں اجلاس ہوگا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں سندھ میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال کے تناظر میں سمری تیار کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ سندھ میں گورنر راج کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا سکتی ہے۔قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 21، 22 اور 23 مارچ کو مقامی سطح پر چھٹی ہوگی، 23 مارچ کو تاریخی پریڈ ہورہی ہے ، 25 مارچ سے مطلع صاف ہونا شروع ہوجائے گا، 23 مارچ کے بعد سارا ہفتہ سیاسی ہوگا اور یہ سیاسی دنگل اسلام آباد میں ہوگا، اس لیے 20 مارچ سے اسمبلی اور لاجز کے اطراف میں ایف سی اور رینجرز تعینات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی ،پارلیمنٹ لاجز کو رینجرز اور ایف سی پوری پروٹیکشن دیں گے، 25مارچ کو اپوزیشن کا جلسہ ہے سیکورٹی دیں گے، 27 مارچ کو ڈی چوک میں تحریک انصاف کا جلسہ ہوگا، میں 25 تاریخ سے خبر دوں گا ابھی تو ہلکی پھلکی موسیقی ہے، 25 مارچ کے بعد شیخ رشید کا سیاسی گنڈاسا باہر ہوگا، ہم صحیح وقت پر صحیح فیصلے کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمرا ن خان ہاریں یا جیتیں میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، اگر اپوزیشن نے تصادم کیا تو اس وقت کو روئے گی، حالات کو تصادم کو طرف نہ لے جائیں ورنہ جھاڑو پھر جائے گی۔ان کی ایسی کی تیسی ، کیا یہاں اندھیر نگری ہے ، قومی حکومت کسی صورت نہیں بننے دیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں