مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملک سے عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچنے والے زائرین کے اعداد و شمار جاری کردیے۔عرب میڈیا کے مطابق عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے فضائی، بری اور بحری راستوں سے 5 لاکھ 71 ہزار 687 زائرین سعودی عرب پہنچے۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ فضائی راستوں سے 5 لاکھ 31 ہزار 546 ، بری راستے سے 40 ہزار 69 زائرین مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پہنچے ، جب کہ بحری راستے سے آنے والوں کی تعداد 72 تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 6 لاکھ 32 ہزار 712 عمرہ ویزے جاری کیے گئے تھے ، جن میں سے 5 لاکھ 71 ہزار 687 زائرین سعودی عرب پہنچے ۔ عمرہ کی سعادت حاصل کرکے وطن واپس جانے والوں کی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 366 تھی۔یاد رہے کہ سعودی حکام نے حال ہی میں کورونا وائر س سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرتے ہوئے حرمین شریفین میں معمولات بحال کردیے ہیں۔ اس دوران جہاں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے آنے والوں کی تعداد کی شرط کا خاتمہ کیا گیا ہے، وہاں عمر کی قید بھی ہٹادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حرمین شریفین کی انتظامیہ نے توکلنا ایپ کے ذریعے کورونا ویکسین کی شرط بھی ختم کردی ہے،جس کے بڑی تعداد میں زائرین پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
