English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹسز جاری

القمر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے منحرف ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر منحرف ہونے والے 14 اراکین پارلیمنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔ شوکاز نوٹسز پر پارٹی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے دستخط کیے ہیں جب کہ نوٹس میں منحرف ارکان سے ان کے عمل کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ارکان وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد لانے والی اپوزیشن سے مل چکے ہیں، ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو سے ثابت ہو گیا کہ آپ پارٹی چھوڑ چکے ہیں، منحرف اراکین وزیراعظم کے سامنے پیش ہوں اور اپنا مؤقف پیش کریں۔

نوٹس میں ارکان کو 7 روز کے اندر معافی مانگ کر غیر مشروط طور پر پارٹی میں واپس آنے کی مہلت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر 7 روز تک جواب نہ ملا تو ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جن ارکان اسمبلی کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان میں نور عالم خان، افضل ڈھانڈلہ، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض، احمد حسین ڈیہڑ، رانا قاسم نون، عبدالغفار وٹو، مخدوم باسط سلطان، عامر طلال گوپانگ، خواجہ شیراز، سردار ریاض مزاری، رمیش کمار، وجیہہ قمر اور نزہت پٹھان شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے