English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ضمیر فروشی پر قوم کا غصہ دیکھ رہا ہے ہوں ، منحرف ارکان واپس آجائیں، عمران خان

القمر

راولپنڈی ،اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ چوری کرکے اراکین کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، 27 مارچ کو عوام کا سمندر اسلام آباد میں امر بالمعروف کا پیغام دے گا،ضمیر فروشی کے خلاف قوم کا غصہ دیکھ کر لگتا ہے کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والے اراکین کی اکثریت عوامی دبائو کا سامنا نہیں کرسکے گی اور واپس آجائے گی،اگلے تین ہفتے میں نالہ لئی کا منصوبہ شروع کریں گے،اس کے گرد ماڈل شہر بنائیں گے،بڑے شہروں کی رنگ روڈز وقت کی ضرورت ہے تاکہ شہروں کا پھیلائو روکا جاسکے۔ ،راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔وہ ہفتہ کو راولپنڈی رنگ روڈمنصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے موجودہ ملکی صورتحال کے حوالہ سے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کے سامنے پیسے کی سیاست سے ضمیر خریدے جانے کی سیاست کھل کر سامنے آئی، یہ چوری کا یاسندھ حکومت کا پیسہ ہے، یہ غیر قانونی طور پر یہاں لایا گیا اور اس سے کھلے عام لوگوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، سندھ سے پولیس بلا کر اس عمل کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے ہمارے منتخب لوگ ہم سے تنگ ہیں تو ان کو چھپانے کی کیا ضرورت تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو اس طرز سیاست کی شکل نظر آنی چاہیے، اسی طرز سیاست کی وجہ سے پاکستان پیچھے رہ گیا، پیسہ خرچ کر کے سیاست میں آنے والوں کو پیسے کے زور پر ضمیر خریدنے پر کوئی شرم نہیں ہے، کیا یہ جمہوریت ہے، مغرب میں پیسے لے کر فلور کراسنگ کا تصور بھی نہیں، وہاں منتخب ممبران کو عوام کا خوف ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ روز تحریک انصاف کے کارکن جذبات میں آ گئے ، پرامن احتجاج سب کا حق ہے، اگر کوئی عوام سے ان کے ووٹ لے کر آئے اور پیسہ لے کر کسی اور جماعت کے ساتھ جائے تو اس کے حلقہ کے عوام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ پرامن احتجاج کریں لیکن تصادم کی طرف نہیں جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیا کسی ایک جماعت کے ٹکٹ پر جیت کر وفا داری تبدیل کرنا جمہوریت ہے؟ ساری قوم کو حقائق نظر آ گئے، عدم اعتماد کی تحریک جتنے قریب آئے گی قوم کے ان ضمیر فروشوں پر غصہ میں اضافہ ہو گا، زمانہ بدل چکا ہے، اب سوشل میڈیا کا دور ہے، چھانگا مانگاکی سیاست کے وقت سوشل میڈیا نہیں تھا، منحرف اراکین میں سے اکثریت عوامی دبائو پر واپس آئیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد کی تاریخ میں عوام کا سمندر جمع ہو گا اور وہ امر بالمعروف کا پیغام لے کر آئے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں اچھائی کے ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑے ہونے کا حکم دیتا ہے، کرپٹ عناصر چوری کے پیسے سے حکومت کو ہٹانا چاہتی ہے۔ علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے ہدایت جاری کی ہے کہ سندھ ہائوس جیسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پرویز خٹک کی اتحادی جماعتوں اور جہانگیر ترین گروپ سے رابطوں اور منحرف ارکان کے رابطوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، اور وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تین منحرف ارکان نے واپس آنے کے لیے رابطہ کیا ہے جس پر وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کو سیاسی رابطے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل خالد جاوید نے ملاقات کی جس میں مختلف قانونی امور پر بھی مشاورت کی گئی، جب کہ اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت پر بریفنگ دی۔ذرائع نے بتایا کہ اٹارنی جنرل نے تحریک انصاف کے کارکنان کے سندھ ہائوس واقعہ پر عدالتی تشویش سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے پارٹی کارکنان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آئے اور عدالت کا جو بھی حکم آئے اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔قبل ازیںوزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پانے کیلیے اقدامات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حسابات جاریہ پر قابو پانے کے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باعث فروری میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ صرف 0.5 ارب ڈالر تک کم ہو گیا ہے جو جنوری میں 2 ارب ڈالر تھا۔ انہوں نے کہا کہ فروری کا کرنٹ اکائونٹ ماہانہ خسارہ رواں مالی سال میں سب سے کم خسارہ رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے