English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

روس یوکرین جنگ میں غیر جانبداری کا مقصد ملکی مفادات کا تحفظ ہے ، دفتر خارجہ

القمر

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں جاری جنگ کے معاملے پر پاکستان کی غیر جانب داری کا مقصد ملکی مفادات کا تحفظ ہے۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں روس یوکرین جنگ پر حکومت کے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ملک کے اہم مفادات کے تحفظ کے لیے یہ ضروری تھا۔انہوں نے وضاحت دی کہ یوکرین کے معاملے میں حکومت کا فیصلہ اس کی پالیسی پر مبنی ہے جس کے مطابق پاکستان کسی بھی سیاسی بلاک کا حصہ نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تصادم کے بجائے امن کا شراکت دار ہے۔پاکستان نے تنازع حل کرنے کے لیے گفتگو اور سفارتکاری پر زور دیا ہے، علاوہ ازیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں روسی جنگ ختم کرنے سے متعلق قرارداد پر ووٹنگ کے موقع پر بھی پاکستان غیر حاضر تھا۔مغربی ممالک پاکستان کے غیر جانبدار مؤقف سے مطمئن نہیں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ پاکستان نے روسی جارحیت کی کوئی واضح مذمت نہیں کی۔ترجمان عاصم افتخار نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان مسلسل اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں پر زور دے رہا ہے جس میں لوگوں کا حق خود ارادیت، طاقت کا استعمال نہ کرنے کی دھمکی، ریاستوں کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری، تنازعات کا پیسفک تصفیہ اور سب کے لیے مساوی سلامتی شامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ماننا ہے کہ ان اصولوں کا مسلسل اور عالمی سطح پر اطلاق ہونا چاہیے۔مسلسل فوجی جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمنی کے فوری خاتمے، انسانی بنیادوں پر راہداری کی تعمیر، انسانی مدد اور یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سفارتی حل کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے دہرایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک پر مرتب ہونے والے جنگ کے منفی اثرات سے خبردار کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان یوکرین اور روس دونوں شراکت داروں سے گفتگو کر رہا ہے اور سفارتی حل کی کوششوں میں تعاون کرنے کیلیے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جیساکہ آپ جانتے ہیں پاکستان نے یوکرین کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھتے ہوئے یوکرینی شہریوں کے لیے انسانی امداد بھیج دی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ کے او آئی سی کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔پاکستان او آئی سی کونسل کے 48 ویں اجلاس کی کی میزبانی کر رہا ہے جو 22 اور 23 مارچ کو منعقد کیا جائے گا، اس اجلاس کا عنوان ‘ اتحاد کی شراکت داری، انصاف اور ترقی’ ہے۔اجلاس میں اہم مسائل پر گفتگو کی جائے گی جبکہ اجلاس کے ایجنڈوں میں فلسطین، جموں و کشمیر کے مسئلے پر خصوصی گفتگو کا امکان ہے۔علاوہ ازیں اجلاس میں اسلامو فوبیا، کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بچنے کے اقدامات، امن و سلامتی، اقتصادی ترقی، ثقافتی اور سائنسی تعاون سمیت دیگر مسائل پر بھی توجہ مبذول کروائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے