پشاور (آن لائن) خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسمبلی اجلاسوں سے متعلق معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اجلاس کے شرکاء نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی مکمل طور پر متحد ہے اور کوئی مائی کا لعل صوبے میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی میں رخنہ نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی عمران خان کے سپاہی ہیں اور وہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعلی نے اراکین اسمبلی اور وزراء پر زور دیا کہ وہ اسمبلی کے اجلاسوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور اسمبلی کی کارروائیوں میں بھر پور حصہ لیں۔