کراچی : جمیعت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اتحادی حکومت کے ساتھ نہیں رہے، عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی یقینی ہے۔
مولانافضل الرحمان کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ کی قیادت سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی گئی۔
کراچی میں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ایم کیو ایم کو اپوزیشن میں شمولیت کی دعوت دینے کےبعد پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ایم کیوایم دفتر سے مطمئن ہوکرجارہاہوں ،موجودہ حالات پر اپوزیشن اور ایم کیوایم میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے،حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوچکی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہا ہےکہ عمران خان اور ان کے جماعت کے لوگ غیر مناسب تقاریر کرتےہیں،جلسوں میں جو زبان استعمال ہوئی وہ کسی شریف انسان کی نہیں، سمجھتا ہوں کہ اتنے بڑے منصب پر ایسے لوگوں کا ہونا مناصب کی بے توقیری ہے،عمران خان تنہا ہوچکے ہیں ،پی ٹی آئی والے سر تا پا وں تک منکرات سے بھرے ہوئےہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعددعویٰ کیا کہ حکومت کے اتحادی اب ان کے ساتھ نہیں رہے، انہیں ہمارے ساتھ ہونے کا اعلان کرنے میں ایک دو دن لگ سکتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا بہادرآباد پہنچنے پر صحافیوں نےسے سوال کیا کہ گھبرانا ہے یا نہیں گھبرانا؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم تو گھبرانے والے نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمد تقی عثمانی اور جے یوپی کے سربراہ شاہ اویس نورانی سے بھی ملاقات کی تھی۔