کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر زیب النسااسٹریٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کلاکوٹ تھانے کے برطرف ایس ایچ او چاند خان نیازی کو ساتھی سمیت قتل کردیا، چاند خان نیازی کو گینگ وارکارندوں نے نشانہ بنایا، جاں بحق سابق پولیس افسر عدالت میں پیشی سے واپس آرہا تھا، دوسرا مقتول عبدالرحمن محکمہ تعلیم بلوچستان کا ملازم تھا۔ پولیس کے مطابق چاند خان نیازی کو گینگ وارکارندوں نے عدالت میں پیشی سے واپسی پر نشانہ بنایا، مقتول سابقہ پولیس افسر ارشد پپو قتل کیس میں شریک ملزم تھا، جس کو گینگ وارکارندوں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ملزمان کی تصاویر اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پینٹ شرٹ میں ملبوس 2 افراد نے مقتولین کا پیچھا کرکے فائرنگ کی۔ اس حوالے سے آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ جائے وقوع سے 9 خول ملے ہیں، موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے کارروائی کی، فی الحال ٹارگٹ کلنگ لگ رہی ہے اور واقعے کی لیاری گینگ وار سے کڑی مل رہی ہے۔ اسی طرح کے واقعے میں کچھ عرصہ قبل ایک اور برطرف پولیس افسر جاوید بلوچ کو سولجر بازار میں نشانہ بنایا گیا تھا، یہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی لگتی ہے، ایڈیشنل آئی جی سے بات ہوئی ہے، ایک ٹیم دونوں کیسز پر کام کرے گی، ٹیم میں ایس آئی یو اے وی اور سی سی کے افسران شامل ہوں گے۔
