لاہور: سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ناکام، پوری ٹیم آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے تیسرے روز 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اپنی بقیہ اننگز کا آغاز کیا، کھانے کے وقفے کے بعد عبداللہ شفیق 81 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اظہر علی 78 رنز کی اننگز کھیل کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ چائے کے وقفے کے بعد فواد عالم 13 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمد رضوان ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گینڈ پر بولڈ ہوگئے اور ساجد خان کو پیٹ کمنز نے بولڈ کیا۔
پھر نئے آنے والے کھلاڑی نعمان علی بابر اعظم کا ساتھ دینے آئے تو وہ 268 پر پویلین لوٹ گئے، یوں پاکستان کو 7ویں نقصان کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں حسن علی، بابر اعظم اور نسیم شاہ مجموعی اسکور میں کوئی اضافہ نہ کرسکے۔
پہلی اننگز میں پاکستانی بلے باز عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور بابر اعظم 67 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پیٹ کمنز نے 5 اور مچل اسٹارک نے 4 کھلاڑیوں کو شکار بنایا جبکہ نیتھن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
جس کے بعد آسٹریلیا نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 11 رنز بنالیے ہیں اور اسے 134 رنز کی برتری حاصل ہے۔
