حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ پولیس کی چھاپا مار کاروائیوں میں گٹکا سپلائرگروہ کے 3 کارندے گرفتارکرلیے گئے،صحافی کے گھر چوری کرنیوالے ملزمان تاحال گرفتار نہ ہوسکے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بلدیہ ایس ایچ او انسپکٹر محمد رئیس خانزادہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کاروائیوںکے دوران گھمن آباد کے قریب سے ملزم عامر پٹھان کو مین پوری بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے 2ساتھی اشرف عرف اچھو اور عمران فرار ہوگئے،200تیار مین پوری،15کلو خام مال، تمباکواور دیگر آلات تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ایک اور کارروائی کے دوران نیشنل ہائی وے کے قریب سے گٹکا فروش2ملزم ریحان گجر اور فیصل بھٹی کو گرفتارکرلیا،ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے ،مقدمات درج کرلیے گئے۔علاوہ ازیںروزنامہ ایمان حیدرآبادکے بیورو چیف محمد راشد رضا کے لطیف آبادنمبر8میں واقع گھر میں24مارچ کو رات3 بجے کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان گھر سے ایک لاکھ 25ہزار نقدی،ایک لاکھ کے پرائز بانڈز، زیورات ،موبائل فون و دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئے لیکن تاحال مقدمہ درج ہوسکا نہ ملزمان گرفتار ہوسکے۔ سینئر صحافی نے ڈی آئی جی حیدرآباد پیر محمد شاہ، ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔